نئی دہلی 17 ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) جے این یو طلباء یونین کے انتخابات کے نتائج کا اعلان ہونے کے کچھ دیر بعد پیر کو آر ایس ایس سے منسلک اے بی وی پی اور لیفٹ حمایت یافتہ آئیسا کے کارکن آپس میں بھڑ گئے۔ لیفٹ کے نو منتخب این سائی بالاجی نے الزام لگایا کہ پیر کی صبح اے بی وی پی کارکنوں نے ان کی پٹائی کی اور لنچنگ کی کوشش کی ۔ بالاجی نے کہا کہ اے بی وی پی کے ارکان نے آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن ( آئیسا) کے کارکنوں پر حملہ کیا اور جب میں نے اور کچھ دیگر نے مداخلت کی کوشش کی تو انہوں نے ہم پر بھی حملہ کیا۔ بالاجی نے دعوی کیا کہ اے بی وی پی ممبران نے ان پر اس وقت بھی حملہ کیا جب پولیس کنٹرول پینل کی گاڑی انہیں جے این یو کے احاطے سے باہر لے جا رہی تھی ۔ اگرچہ اے بی وی پی نے دعوی کیا کہ آئیسا کارکنوں نے ان کے اراکین کو پیٹا۔ اے بی وی پی اور آئیسا دونوں نے وسنت کنج پولیس تھانہ میں شکایت درج کرائی ہے ۔پولیس ڈپٹی کمشنر (جنوبی مغرب) دویندر آریہ نے بتایا کہ پی سی آر کو تڑکے قریب تین بجے فون پر جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں طالب علموں کے درمیان تصادم کی اطلاع ملی تھی۔ اس کے بعد ہم نے یونیورسٹی حکام، طلبا اور پروفیسروں کے ساتھ بات چیت کی ۔وست کنج مشرقی پولیس تھانے میں شکایات ملی ہیں۔ کیس کے بنیاد پر قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ حالات کنٹرول میں ہیں ۔